دکی: اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں بازار میں تجاوزات کے خلاف کارروائی

دکی: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ عملے کے ہمراہ دکی بازار میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کو ہٹا دیا۔
کارروائی کے دوران بازار کے مختلف مقامات کا معائنہ کیا گیا اور سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر رکھا گیا دکانوں کا اضافی سامان ہٹایا گیا، تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد اکرم حریفال نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ سرکاری حدود کا احترام کریں اور اپنی دکانوں کا سامان مقررہ حدود کے اندر رکھیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی راستوں اور فٹ پاتھوں پر کسی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ بازار میں نظم و ضبط برقرار رکھنا، ٹریفک کی روانی یقینی بنانا اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی ہدایات کے مطابق شہر کو تجاوزات سے پاک، صاف ستھرا اور منظم بنانے کے لیے کارروائیاں بلا امتیاز اور تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











