مصطفیٰ کمال: نئے صوبوں کا قیام ناگزیر، دسمبر اہم مہینہ ثابت ہو سکتا ہے

کراچی: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ریاست کو احساس ہو چکا ہے کہ ملک موجودہ نظام کے تحت مزید نہیں چل سکتا۔ ان کے مطابق صوبوں میں اندرونی طور پر گورننس کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور دسمبر کا مہینہ اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
ان کے مطابق جو بھی فیصلے ہونے ہیں وہ اگلے بجٹ سے پہلے کیے جانے چاہئیں۔
خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اب ریاست کے سامنے یہ سوال ہے کہ وہ ریاست کو بچائے یا کسی کی خواہش پوری کرے، اور ان کے نزدیک اب ریاست کو بچانے کا وقت آ گیا ہے۔
نئے صوبوں کا مطالبہ
نئے صوبوں کی تجویز دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ 32 ڈویژنز کی حدود کو نئے صوبوں کی شکل دینا ایک مثالی صورت ہو سکتی ہے۔ وزیراعظم چاہیں تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر ریفرنڈم کی منظوری بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کا قیام آنے والی نسلوں کی بقا کا معاملہ اور ملک کی لائف لائن ہے۔ اگر صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو سرکاری سطح پر نہ ہوتی تو اب تک اسے کوئی نہ کوئی رکوا چکا ہوتا۔
ان کا دعویٰ تھا کہ پنجاب نے نئے صوبوں کے مطالبے کی مخالفت نہیں کی، بلکہ مسلم لیگ (ن) کے بعض سینئر رہنما کھل کر اس کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ خاموش رہنے والوں کی خاموشی کو بھی مکمل رضامندی سمجھا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی کو نئے صوبوں کے قیام کی غیر مشروط حمایت کرنی چاہیے، یہ ریاست کے ساتھ معاملات بہتر بنانے کا موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب نے بھی اس مطالبے کی مخالفت نہیں کی۔
پیپلز پارٹی اور صدر آصف علی زرداری سے متعلق سوال پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ زرداری صاحب سمجھدار ہیں اور جانتے ہیں کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے۔ ان کے مطابق 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو ملنے والے اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں ہوئے، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ اختیارات وفاق سے صوبوں اور پھر ضلعی سطح تک منتقل کیے جائیں۔
وفاقی وزیر نے اپنے استعفے کے مطالبات اور 300 ارب روپے کے حساب سے متعلق سوال پر کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق وفاقی وزیر سے استعفیٰ لینے کا اختیار صرف وزیراعظم کو حاصل ہے۔ وزیراعظم جب اشارہ کریں گے تو وہ استعفیٰ دے دیں گے، تاہم فی الحال وزیراعظم ان کے کام سے مطمئن ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ ان کے دورِ نظامت میں کراچی دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جہاں بھی کہا جائے 300 ارب روپے کا حساب دینے کے لیے تیار ہیں، تاہم اب پیپلز پارٹی کو بھی گزشتہ 17 سے 18 برس کے دوران ملنے والے 22 ہزار ارب روپے کا حساب دینا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ نئے صوبوں کی تحریک سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی بات کی گئی تو وہ اس تجویز کی بھی بھرپور حمایت کریں گے۔











