ٹرمپ کا ایران سے دیرپا معاہدے پر زور، ایف-16 پر ایرانی دعوے کی سینٹکام نے تردید کر دی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ صرف ایک مستقل اور دیرپا معاہدہ چاہتے ہیں۔ فاکس نیوز کو فون پر دیے گئے انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ انھیں حکومت کی تبدیلی میں کبھی زیادہ دلچسپی نہیں رہی۔
ٹرمپ کے مطابق وہ دو حکومتوں کا خاتمہ کر چکے ہیں اور اب تیسرے گروپ سے نمٹ رہے ہیں، جس کے ساتھ کام کرنا بہت مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ ہوتا ہے اور اگلے ہی دن وہ اسے توڑ دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ معاہدہ ایسا ہونا چاہیے کہ چار، 15 یا 20 سال بعد کوئی نااہل صدر آ جائے تو بھی ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔
ادھر ایرانی فوج نے ارنا کے ذریعے دعویٰ کیا کہ جمعے کی شام جنوبی ساحل کے قریب اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایک امریکی ایف-16 کو میزائل سے نشانہ بنایا، جس کے بعد طیارے نے ایک امریکی ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے جمعے کو کسی امریکی ایف-16 پر حملہ نہیں کیا اور مشرقِ وسطیٰ میں تمام امریکی جنگی طیارے محفوظ اور مکمل طور پر فعال ہیں۔ دونوں بیانات متضاد ہیں اور آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایگزیوس کے رپورٹر باراک راوید کے مطابق قطری ایلچی علی زوادی گذشتہ رات تہران پہنچے اور ایرانی حکام سے ملے۔ ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے تصدیق کی کہ قطری وفد نے تقریباً دو گھنٹے بات چیت کی اور واپس روانہ ہو گیا۔ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ قطر یا کسی اور ملک سے ایران آنے والی ہر پرواز کا مذاکراتی یا ثالثی مشن ہونا ضروری نہیں۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے یورونیوز کو انٹرویو میں جلد امریکا ایران معاہدے کی امید ظاہر کی اور کہا کہ دنیا طویل تنازع کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ ان کے مطابق 18 جون کے معاہدے کی خلاف ورزیوں کے باوجود پاکستان نے امن عمل نہیں چھوڑا۔











