حکومت کی پی ٹی آئی کو انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شمولیت کی دعوت، برابر نمائندگی کا مطالبہ مسترد

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ہفتے کو پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی انتخابی اصلاحات کمیٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ حکومت نے پارٹی کو ایوان میں اس کی نشستوں کے تناسب سے نمائندگی دینے کی پیشکش کی، تاہم برابر نمائندگی کا مطالبہ مسترد کر دیا۔
وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں کہا کہ کمیٹی کی تشکیل کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے رابطہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق حکومت کا واضح مؤقف ہے کہ پارلیمانی روایات کے تحت اپوزیشن کو ایوان میں نشستوں کے تناسب سے نمائندگی دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ برابر نمائندگی کا مطالبہ قابل عمل نہیں، کیونکہ روایات کے مطابق ہر جماعت کو اس کی نشستوں کے لحاظ سے نمائندگی ملتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی ٹی آئی اس غیر روایتی مطالبے سے دستبردار ہو کر کمیٹی کا حصہ بنے گی۔
وزیر نے زور دیا کہ انتخابی عمل میں شفافیت یقینی بنانے اور اس پر سوالات اٹھنے سے بچنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اصلاحاتی عمل میں شریک ہونا چاہیے۔
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق قومی اسمبلی نے 16 اکتوبر کو ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی پیش کردہ تحریک رول 244 بی کے تحت منظور کی تھی۔ اس کے تحت دونوں ایوانوں کے ارکان پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی بنائی جانی ہے، جس میں پارلیمانی جماعتوں کو ان کی تعداد کے تناسب سے نمائندگی ملے گی۔ کمیٹی کو آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال اور ضروری قانون سازی سمیت تجاویز دینا ہیں۔
اس سے قبل 5 نومبر کو وزیر نے بتایا تھا کہ سینیٹ کی کمیٹی میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو دو دو نشستیں ملیں گی، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کو ایک ایک نشست دی جائے گی۔











