قلعہ عبداللہ: جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس آپریشن، بھاری اسلحہ و گولہ بارود برآمد

قلعہ عبداللہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایات پر ضلع قلعہ عبداللہ میں 21 سے 25 نومبر 2026 تک جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی اسلحہ سازی، منشیات کے کاروبار اور منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف جامع پولیس آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری ایک صفحہ پر مشتمل پیش رفت رپورٹ کے مطابق آپریشن کا مقصد ضلع میں قانون کی بالادستی قائم کرنا، عوام کو جرائم پیشہ عناصر کے خوف سے نجات دلانا اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آپریشن کے دوران غیر قانونی اسلحہ سازی کے مراکز، جرائم پیشہ عناصر کے ٹھکانوں اور منظم جرائم کے نیٹ ورکس کو نشانہ بنایا گیا۔ غیر قانونی اسلحہ تیار کرنے، بارود اور کارتوس بنانے سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی گئی۔
برآمد شدہ اسلحہ
پولیس آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا، جس میں ایک ایل ایم جی، ایک سنائپر رائفل، متعدد ایس ایم جی، جی تھری، کلاشنکوف اور پستول شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک امریکی ساختہ شاٹ گن، متعدد میگزین، کارتوس اور دیگر ممنوعہ اسلحہ بھی تحویل میں لیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ قلعہ عبداللہ کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ گروہوں اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف مختلف واقعات میں مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ سازی، منشیات کے کاروبار، بھتہ خوری اور دیگر منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور قانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
حکومت بلوچستان کے مطابق قلعہ عبداللہ میں جاری آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایک مؤثر اور فیصلہ کن اقدام ہے، جس کا مقصد علاقے میں پائیدار امن قائم کرنا اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











