جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر خالد خان کی سبزی منڈی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

جعفرآباد: ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان نے کہا ہے کہ ضلع جعفرآباد میں سبزی منڈی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کا مقصد عوام کو سبزی، فروٹ، گوشت اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء ایک ہی جگہ پر بہتر اور منظم انداز میں فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو خریداری کے حوالے سے درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔
سبزی منڈی کی جدید خطوط پر تعمیر و ترقی سے نہ صرف عوام کو سہولیات میسر آئیں گی بلکہ تاجروں، آڑھتیوں اور کاروباری افراد کو بھی ایک بہتر کاروباری ماحول فراہم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبزی منڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی ممتاز علی جتک نے ڈپٹی کمشنر کو ترقیاتی منصوبے کے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سبزی منڈی میں سڑکوں کی تعمیر، شیڈز کی تنصیب اور دیگر بنیادی و ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی کام جاری ہیں، جنہیں مقررہ منصوبہ بندی کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
جبکہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد منڈی میں دکانوں اور دیگر کاروباری مقامات کی الاٹمنٹ کا عمل شروع کیا جائے گا۔
متعلقہ حکام کو ہدایات
ڈپٹی کمشنر خالد خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کاموں کی کڑی نگرانی اور باقاعدگی سے مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے تاکہ منصوبے میں تعمیراتی معیار، شفافیت اور مقررہ ضوابط کا مکمل خیال رکھا جاسکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبے کو پی سی ون میں منظور شدہ ڈیزائن، معیار اور شرائط کے مطابق مکمل کیا جائے اور کسی بھی مرحلے پر غیر معیاری کام یا غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے اپنی نگرانی کا عمل جاری رکھے گی، جبکہ مارکیٹ کمیٹی کے افسران بھی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کریں تاکہ سبزی منڈی کا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد عوام اور کاروباری طبقے کو حقیقی معنوں میں بہتر سہولیات میسر آسکیں۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











