لورالائی: کمشنر ولی محمد بڑیچ کا ڈویژنل پبلک ہائی اسکول کے امتحانی مرکز کا اچانک دورہ

لورالائی: کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ نے ڈویژنل پبلک ہائی اسکول لورالائی کے امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے امتحانی ہال میں جاری امتحانی عمل کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف کلاس رومز میں زیرِ امتحان طلباء کے پرچوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے امتحانی مرکز میں کیے گئے انتظامات، طلباء کے لیے فراہم کردہ سہولیات اور امتحانی عملے کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور مجموعی انتظامات کو سراہا۔
کمشنر ولی محمد بڑیچ نے متعلقہ افسران اور امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ امتحانات کے دوران شفافیت، میرٹ اور نظم و ضبط کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور نقل کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
نقل کے خلاف سخت مؤقف
انہوں نے کہا کہ نقل ایک ناسور اور تعلیمی نظام کے لیے زہرِ قاتل ہے، جس کے خاتمے کے بغیر معیاری تعلیم اور حقیقی تعلیمی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نقل کی لعنت نہ صرف طلباء کی تخلیقی صلاحیتوں اور خود اعتمادی کو متاثر کرتی ہے بلکہ محنت، قابلیت اور میرٹ کی حوصلہ شکنی کا بھی سبب بنتی ہے۔
جو طلباء نقل کے ذریعے کامیابی حاصل کرتے ہیں، وہ عملی زندگی میں درکار علم، صلاحیت اور قابلیت سے محروم رہ جاتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ طلباء اپنی کامیابی کے لیے محنت، لگن اور قابلیت کو اپنا شعار بنائیں۔
کمشنر نے مزید کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم فراہم کرنا اور ان میں تحقیق، تخلیقی سوچ، اخلاقی تربیت اور خود اعتمادی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اساتذہ، والدین اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ طلباء کی بہتر تعلیمی و اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ امتحانی نظام کو شفاف اور نقل سے پاک بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امتحانات میں نقل کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی اور اس سلسلے میں غفلت یا لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کمشنر ولی محمد بڑیچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لورالائی ڈویژن میں تعلیمی معیار کی بہتری، امتحانی نظام میں شفافیت اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ طلباء اپنی محنت اور قابلیت کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرکے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











