کوئٹہ: کمشنر ذیشان لاشاری کی زیر صدارت شہر میں صفائی کی صورتحال پر اجلاس

کوئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کی زیرِ صدارت شہر میں صفائی کی مجموعی صورتحال اور صفا کوئٹہ کی جانب سے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سی ای او صفاء کوئٹہ دل نواز شاہ، پی پی پی کے افسران اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔
صفائی کے نظام پر بریفنگ
اجلاس کے دوران سی ای او صفا کوئٹہ نے کمشنر کو شہر میں صفائی کی صورتحال، درپیش مسائل، مشکلات اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صفاء کوئٹہ گزشتہ تین سال سے شہر میں کوڑا کرکٹ جمع کرنے اور اسے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔
موجودہ سال کے دوران ہر ماہ شہر سے 40 ہزار ٹن سے زائد کچرا اٹھایا جا رہا ہے۔ شہر میں 137 ڈمپنگ سائٹس، 6 ٹرانسفر اسٹیشنز اور 2 لینڈ فل سائٹس موجود ہیں، جن میں ایسٹرن بائی پاس اور کچلاک کے مقامات بھی شامل ہیں۔ کچلاک میں حالیہ دنوں کے دوران ڈمپنگ کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مشینری، افرادی قوت اور دیگر وسائل کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 384 ملازمین نے رپورٹ کیا ہے، جن میں سے 170 ملازمین عملی طور پر کام کر رہے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق کوئٹہ شہر میں دو لاکھ سے زائد گھریلو جبکہ 95 ہزار سے زائد کمرشل صارفین موجود ہیں۔ ڈور ٹو ڈور کچرا جمع کرنے کے نظام کی بدولت شہر میں صفائی کی صورتحال میں مزید بہتری آ رہی ہے۔
اس موقع پر نجی شراکت دار کی ادائیگیوں کے طریقہ کار، ٹیکس کٹوتی، جرمانوں اور آڈٹ سرٹیفیکیشن کے حوالے سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔
کمشنر کی ہدایات
کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ڈمپنگ سائٹس سمیت کچرا جمع کرنے کے پوائنٹس کو جلد از جلد صاف کیا جائے۔ انہوں نے ڈور ٹو ڈور کچرا جمع کرنے کے نظام کو مزید وسعت دینے اور اس عمل میں بہتری لانے پر بھی زور دیا۔
کمشنر نے کہا کہ کوئٹہ شہر کو صفائی کے حوالے سے ایک ماڈل ایریا بنایا جائے تاکہ شہریوں اور آنے والے مہمانوں کو ایک مثبت پیغام ملے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے کام میں استعمال ہونے والی تمام گاڑیوں، مشینری اور ملازمین کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے تاکہ صفائی کے عمل کی مؤثر نگرانی اور کارکردگی کا جائزہ لیا جا سکے۔
کمشنر ذیشان لاشاری نے کوئٹہ کے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور کوڑا کرکٹ گلیوں، سڑکوں اور نالیوں میں پھینکنے کے بجائے مقررہ کلیکشن پوائنٹس پر رکھیں یا پلاسٹک کی تھیلیوں میں محفوظ کریں تاکہ کچرا اٹھانے اور اسے ٹھکانے لگانے کے عمل میں آسانی ہو۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











