ایف آئی ایچ نیشنز کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی، 22 سال بعد بڑا ہاکی ایونٹ

اسلام آباد: انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے صدر طیب اکرام نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ سال ایف آئی ایچ نیشنز کپ کی میزبانی کرے گا، جس میں دنیا کی دس ٹیمیں شرکت کریں گی۔
یہ پاکستان میں 22 سال بعد کسی بڑے عالمی ہاکی ایونٹ کا انعقاد ہوگا۔
طیب اکرام نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک میں کھیلوں کے فروغ اور مضبوط ہائی پرفارمنس اسٹرکچر کے قیام کے لیے کھیلوں کی الگ وزارت کی بحالی کے حوالے سے مثبت فیصلہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان ہاکی فیڈریشن اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ، ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام، ارکان پارلیمنٹ اور سابق اولمپینز نے شرکت کی۔
طیب اکرام نے کہا کہ اسلام آباد واپس آ کر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے پاکستان ہاکی کے حوالے سے حقائق پر مبنی سرجری کی ہے، جبکہ ایڈہاک کے معاملے پر ان کے اپنے اوپر بھی تلوار لٹک رہی ہے۔
ایف آئی ایچ کے صدر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ پاکستان میں ایڈہاک سسٹم کیوں چل رہا ہے، ملک میں ہاکی کے معاملات کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں کھیلوں کے انتظامی نظام کو مستحکم بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
لاہور میں ایونٹ اور ہائی پرفارمنس سینٹر
طیب اکرام نے اعلان کیا کہ ایف آئی ایچ نیشنز کپ آئندہ سال فروری میں لاہور میں منعقد ہوگا، جس میں دس ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کو ایف آئی ایچ کا ہائی پرفارمنس سینٹر بنایا جائے گا، جبکہ مستقبل میں پاکستان کو مزید بین الاقوامی ہاکی ایونٹس کی میزبانی بھی ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس خطے کا واحد ملک ہے جہاں کھیلوں کی الگ وزارت موجود نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کھیلوں کے لیے مضبوط ہائی پرفارمنس اسٹرکچر کی تیاری پر توجہ دینی چاہیے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع اور بین الاقوامی معیار کے پلیٹ فارمز فراہم کیے جا سکیں۔
تقریب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کی بحالی اور ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں اور حکومت قومی کھیل کی ترقی کے لیے تعاون اور سپورٹ فراہم کر رہی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ پاکستان ہاکی کے اچھے دن جلد واپس آئیں گے۔
انہوں نے ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام کی تقریب میں موجودگی کو باعثِ مسرت قرار دیا اور کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا صدر ایک پاکستانی ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔











