دکی: ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی کی صدارت میں ریونیو وصولی کا اجلاس

دکی: ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ریونیو امور، زرعی انکم ٹیکس کی وصولی اور سرکاری محصولات کے مقررہ اہداف کے حصول سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم حریفال، اسسٹنٹ کمشنر لونی فتح خان بنگلزئی سمیت متعلقہ ریونیو افسران نے شرکت کی۔
ریونیو امور کا جائزہ
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں سرکاری ریونیو کی وصولی، زرعی انکم ٹیکس، اراضی کے انتقالات، رجسٹری، جمعبندیوں کی تکمیل اور سرکاری اراضی و ریونیو ریکارڈ کی درستگی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر زیرِ التواء ریونیو کیسز، سرکاری واجبات کی وصولی اور متعلقہ شعبوں کی کارکردگی پر بھی غور کیا گیا۔
ہدایات اور سخت انتباہ
ڈپٹی کمشنر فضل الرحمن کبدانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ زیرِ التواء ریونیو معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے اور سرکاری محصولات کی وصولی کے لیے مؤثر اقدامات اٹھاتے ہوئے مقررہ اہداف بروقت حاصل کیے جائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام ریونیو امور میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ مزید ہدایت کی کہ تمام پٹوار حلقوں میں اراضی کے ریکارڈ کی بروقت تکمیل، بینک چالان کی وصولی و رپورٹنگ اور ماہانہ کارکردگی رپورٹس کی باقاعدگی سے فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ ریونیو نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا کہ سرکاری محصولات کی وصولی اور ریونیو امور میں کسی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور فرائض میں غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











