کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی کی صدارت میں ضلعی کوآرڈینیشن اجلاس

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت ضلعی کوآرڈینیشن میٹنگ منعقد ہوئی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ویسٹ ثناء ماجبین، ایس ایس پی آپریشنز ضیاء الحق مندوخیل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے درمیان باہمی روابط، مؤثر کوآرڈینیشن، امن و امان کی صورتحال اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر مختلف علاقوں میں انتظامی اقدامات، عوامی مسائل کے حل اور فیلڈ میں مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنے پر زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ ایس پیز باہمی رابطے کو مزید مضبوط بناتے ہوئے مشترکہ طور پر فرائض انجام دیں، تاکہ انتظامی معاملات میں بہتری، عوام کو ریلیف کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے درمیان قریبی تعاون، بروقت معلومات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











