دکی: اسسٹنٹ کمشنر محمد اکرم خان حریفال کی سربراہی میں تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن

دکی: ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی کی خصوصی ہدایات پر شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے، عوامی راستوں کو تجاوزات سے پاک کرنے اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم خان حریفال کی سربراہی میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دکی سمندر خان ناصر، پولیس اور میونسپل کمیٹی کے عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران دکانوں کے باہر غیر قانونی طور پر رکھا گیا سامان ہٹایا گیا، سڑکوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ سڑکوں پر کھڑی ریڑھیوں کو ہٹانے کے ساتھ ہسپتال کے سامنے غیر قانونی طور پر کھڑی پک اپ گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ خلاف ورزی کرنے والی متعدد دکانوں کو سیل بھی کر دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر دکی محمد اکرم خان حریفال نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بن رہی ہیں بلکہ پیدل چلنے والوں، خواتین، بزرگ شہریوں اور بالخصوص ہسپتال آنے والے مریضوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوامی راستوں اور سڑکوں پر غیر قانونی قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
انہوں نے دکانداروں، ریڑھی بانوں اور دیگر کاروباری افراد کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی مقررہ حدود کے اندر رہتے ہوئے کاروبار کریں اور دکانوں کے باہر سامان رکھ کر سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں کو بند کرنے سے گریز کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد کسی کے کاروبار کو متاثر کرنا نہیں بلکہ شہری نظم و ضبط برقرار رکھنا، عوامی مقامات کو تجاوزات سے پاک کرنا اور شہریوں کو صاف ستھرا، منظم اور بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، سرکاری راستوں اور فٹ پاتھوں کو کھلا رکھیں اور دکی شہر کو صاف ستھرا، خوبصورت اور ٹریفک کے لیے رواں رکھنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











