لورالائی: ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) حسیب شجاع کی نگرانی میں خلائی مشن کی آگاہی مہم کا آغاز

لورالائی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع کی نگرانی میں پاکستان کے پہلے خلائی مشن کی اہمیت، قومی سائنسی کامیابیوں اور خلائی تحقیق کے شعبے میں پاکستان کی پیش رفت کو اجاگر کرنے کے لیے ضلع لورالائی میں خصوصی عوامی آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔
آگاہی مہم کی تفصیلات
اس سلسلے میں ضلع کے مختلف اہم سرکاری دفاتر، عوامی مقامات اور نمایاں شاہراہوں پر معلوماتی و آگاہی پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں، جن میں کمشنر آفس، ڈپٹی کمشنر آفس، پولیس لائن، عبدالرحیم خان کلب، اسسٹنٹ کمشنر آفس اور تحصیل آفس سمیت دیگر اہم مقامات شامل ہیں۔
اس آگاہی مہم کا بنیادی مقصد عوام بالخصوص نوجوان نسل میں سائنس، ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق، جدید سائنسی علوم اور اختراعی سوچ کے حوالے سے شعور و آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ پوسٹرز کے ذریعے پاکستان کی خلائی تحقیق کے میدان میں پیش رفت، قومی سائنسی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو نمایاں کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو سائنسی علوم کی جانب راغب کیا جا سکے۔
کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے خیالات
اس موقع پر کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ اور ڈپٹی کمشنر لورالائی کیپٹن (ر) محمد حسیب شجاع نے کہا کہ پاکستان کی سائنسی و تکنیکی کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ خلائی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کسی بھی ملک کی ترقی، سائنسی خودمختاری اور عالمی سطح پر مسابقتی صلاحیت میں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں قومی ترقی کا انحصار جدید سائنسی علوم، تحقیق، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کی استعداد کار میں اضافے پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو سائنس، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق اور دیگر جدید شعبوں میں تعلیم و تحقیق کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور علمی استعداد کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ لورالائی حکومتی وژن کے مطابق عوامی آگاہی، سائنسی شعور، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کی مثبت فکری و تعلیمی رہنمائی کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











