ابھی مائیکرو فنانس بینک پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹ، ٹریڈنگ کا آغاز

کراچی: ابھی مائیکرو فنانس بینک کی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ مکمل ہونے کے بعد اس کے حصص کی ٹریڈنگ کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔
اس موقع پر روایتی گونگ (گھنٹہ) بجانے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مالیاتی شعبے کی اہم شخصیات اور بینک کی قیادت نے شرکت کی۔ تقریب میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے کمشنر ذیشان آر خٹک، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ سبزواری، ووسٹوک ایمرجنگ فنانس اور اسپیڈ انویسٹ کے نمائندے بھی موجود تھے۔
ابھی مائیکرو فنانس بینک نے ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے ذریعے 13 کروڑ 20 لاکھ حصص فروخت کیے، جن میں سے 75 فیصد ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور 25 فیصد عام سرمایہ کاروں کے لیے مختص کیے گئے۔
ابھی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمیر انصاری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ابھی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ادارے نے 2021 میں ایک فن ٹیک کمپنی کے طور پر سفر کا آغاز کیا تھا اور اب بینک پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک لسٹڈ ادارے کی حیثیت سے بینک اپنی کارپوریٹ گورننس، شفافیت اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرے گا۔ ملک بھر میں محروم طبقات، کاروباری افراد اور چھوٹے کاروباروں کے لیے مالیاتی خدمات تک رسائی کو وسعت دینے پر توجہ دی جائے گی۔
عمیر انصاری کا کہنا تھا کہ یہ سنگ میل ابھی کے وسیع تر وژن کو مزید تقویت دیتا ہے، جس کا مقصد مالیاتی سہولیات تک رسائی کو کسی مخصوص طبقے کی مراعات کے بجائے ہر فرد کا بنیادی حق بنانا ہے۔
اعتماد ڈیسک











