پاکستان اور عمان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

مسقط: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے عمان کے وزیر تجارت، صنعت و سرمایہ کاری سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان ویزا سے متعلق مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں سے رجوع کیا جائے گا۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور عمان کے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو مؤثر انداز میں فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
علی پرویز ملک نے عمان کے قومی دن پر وزیر تجارت کو مبارکباد دی اور عمان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے درمیان خوشگوار تعلقات اور جغرافیائی قربت اقتصادی تعاون کے فروغ کی مضبوط بنیاد ہیں۔
عمانی وزیر تجارت نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت کا معاہدہ پاکستان اور عمان کے درمیان طویل المدتی اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کی بنیاد بنے گا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ آٹھویں پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں طے پانے والا جامع پروٹوکول دوطرفہ تعاون کا مؤثر روڈ میپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تاجروں اور کاروباری شخصیات کے روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ان کے مطابق پاکستان اور عمان کے درمیان اقتصادی تعاون کو توانائی کے شعبے سے آگے دیگر شعبوں تک وسیع کرنے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔











