انیل کپور کی پیرس میں فرانسیسی صدر میکرون سے ملاقات، فن اور مصنوعی ذہانت پر گفتگو

پیرس: بالی ووڈ کے معروف سینئر اداکار انیل کپور کی فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے پیرس میں ملاقات کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔ ملاقات کے دوران فن، ثقافت، سینما، مصنوعی ذہانت اور مستقبل کے امکانات سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 69 سالہ انیل کپور نے 48 سالہ فرانسیسی صدر سے ملاقات کی، جس کے دوران صدر میکرون نے انہیں اپنے دفتر کا دورہ کرایا اور نپولین کے دور سے تعلق رکھنے والے تاریخی نوادرات بھی دکھائے۔
انیل کپور نے ملاقات کو انتہائی بامقصد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان گفتگو اس قدر فطری انداز میں آگے بڑھی جیسے وہ ایک دوسرے کو برسوں سے جانتے ہوں۔ اداکار نے فرانسیسی صدر سے اپنے چار دہائیوں پر محیط فلمی سفر اور حالیہ و مستقبل کے منصوبوں پر بھی گفتگو کی۔
انہوں نے بھارت میں صدر میکرون سے ہونے والی سابقہ ملاقات کی خوشگوار یادیں تازہ کرتے ہوئے پیرس میں اپنی اور اپنے بھتیجے کی میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انیل کپور نے صدر میکرون سے دوستی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوبارہ بھارت میں خوش آمدید کہنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
انیل کپور نے اپنے طویل فلمی کیریئر میں مشعل، مسٹر انڈیا، تیزاب، رام لکھن، بیٹا، نائیک اور پکار جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کی۔ وہ سلم ڈاگ ملینیئر، مشن امپاسبل گھوسٹ پروٹوکول اور ٹی وی سیریز 24 کے ذریعے عالمی سطح پر بھی پہچانے جاتے ہیں۔











