فلمی سیٹس پر انسانی جان سے زیادہ شوٹنگ کو ترجیح، اپاسنا سنگھ کا انکشاف

ممبئی: بھارتی اداکارہ اپاسنا سنگھ نے فلمی صنعت میں انسانی جانوں کی قدر و اہمیت سے متعلق تشویشناک انکشافات کیے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ بعض فلمی سیٹس پر عملے کے کسی فرد کی موت کے باوجود شوٹنگ نہیں روکی جاتی اور بعض اوقات لاش ایک طرف رکھ کر کام جاری رکھا جاتا ہے۔
اداکارہ نے فلمی صنعت میں ٹی آر پی، بھاری سرمایہ کاری اور روزانہ کے اخراجات کو انسانی زندگی پر ترجیح دینے کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔
لائٹ مین کو درپیش خطرات
ایک حالیہ انٹرویو میں اپاسنا سنگھ نے بتایا کہ فلمی سیٹس پر لائٹ مین شدید گرمی میں بلندی پر روشنیوں کا انتظام کرتے ہیں، جہاں حادثات میں بعض افراد اپنی جان گنوا دیتے ہیں، لیکن اس کے باوجود شوٹنگ جاری رکھی جاتی ہے۔
ان کے مطابق فلمی منصوبوں پر بھاری سرمایہ کاری ہوتی ہے اور پروڈیوسرز کے روزانہ اخراجات بہت زیادہ ہوتے ہیں، جس کے باعث بعض اوقات انسانی جان سے زیادہ شوٹنگ مکمل کرنے کو اہمیت دی جاتی ہے۔
اداکارہ نے ایک مزاحیہ پروگرام کا واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ پرفارمنس کے دوران ایک امیدوار اچانک بے ہوش ہو کر گر پڑا۔ اسے وین میں منتقل کیا گیا تو فوری طبی امداد یا ڈاکٹر بلانے کے بجائے پروڈیوسر نے کیمرہ منگوا کر اس کی حالت ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی۔
اپاسنا سنگھ کے مطابق انتظامیہ کو اس بات کی زیادہ فکر نہیں تھی کہ امیدوار کو کھانے، پانی یا طبی امداد کی ضرورت ہے، بلکہ توجہ اس کی حالت کی ویڈیو بنانے پر مرکوز تھی۔
انہوں نے کہا کہ ٹی آر پی کی دوڑ اس قدر بڑھ گئی ہے کہ سیٹ پر کسی کے ساتھ حادثہ پیش آنے کی صورت میں ذمہ داری لینے کے لیے کوئی تیار نہیں ہوتا۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ انہوں نے ان واقعات کے حوالے سے کسی مخصوص فلم یا پروڈکشن ہاؤس کا نام نہیں لیا، تاہم انہوں نے خود لائٹ مین کو بلندی سے گرنے اور جان سے ہاتھ دھونے کے واقعات دیکھے ہیں۔











