نئے صوبوں پر اعتراض نہیں، آئینی طریقہ کار اختیار کیا جائے: نیئر بخاری

اسلام آباد: سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نیئر بخاری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں پر اعتراض نہیں، آئینی طریقہ کار اختیار کیا جائے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنی پوزیشن واضح کریں، پیپلز پارٹی آئین سے انحراف قبول نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق وزیراعظم کابینہ کو اعتماد میں لے کر نئے صوبوں کا معاملہ پارلیمان میں لائیں۔
نیئر بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو کا موقف واضح ہے، پیپلز پارٹی کی پالیسی آئین کی بالادستی ہے، اور نئے صوبوں یا ریفرنڈم کا فیصلہ پارلیمان کا آئینی اختیار ہے۔ ان کے مطابق کسی سویلین حکومت نے ریفرنڈم نہیں کرایا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بتائیں کہ آئینی راستہ اختیار کرنا ہے یا ماورائے آئین راستہ۔ وزرا کے متضاد بیانات حکومتی پالیسی میں ابہام پیدا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو نے پارٹی پالیسی بیان کی ہے اور ردِعمل دینا ان کا سیاسی حق ہے۔
آصف علی زرداری کے کردار کو مصالحانہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کی ملاقاتیں خوش آئند ہیں، تاہم پیپلز پارٹی آئین سے انحراف کے کسی اقدام پر خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری حکومتوں کی آئینی مدت پوری کرنے کی حامی ہے اور اس کا ہر کارکن چیئرمین بلاول بھٹو کے موقف کے ساتھ کھڑا ہے۔
رانا ثنا اللہ سے مخاطب ہوتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ وہ دھمکیوں کے بجائے آئینی فورمز سے رجوع کریں، پیپلز پارٹی دھمکیوں سے ڈرنے والی جماعت نہیں۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کا معاملہ تجارتی گروپس نہیں بلکہ پارلیمان میں طے ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو فیئر ٹرائل نہ ملنے کا تاثر نہیں ہونا چاہیے، اور پیپلز پارٹی کا اصولی موقف ہے کہ سیاسی اختلافات کا فیصلہ آئین اور پارلیمان میں ہو۔











