مستونگ: آپریشن ردالفتنہ 3 میں مزید 15 دہشت گرد ہلاک، چار علاقے کلیئر

اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیوں میں مزید 15 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کرنے کے ساتھ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ مستونگ کے چار علاقوں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر کلیئر کرا لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ میں پہلی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ اس کارروائی میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
دوسری کارروائی کے دوران مزید 10 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ اس کارروائی میں بھی دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے اور ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر کلیئر کرا لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔











