برشور: ڈپٹی کمشنر خالد شمس کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اجلاس
برشور: ڈپٹی کمشنر برشور فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) خالد شمس کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
مراکزِ صحت کی کارکردگی پر بریفنگ
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر برشور سید رضی ہریرہ، خزانہ آفیسر محمد عارف گجر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عبدالرشید ناصر، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (MS) برشور ڈاکٹر نسیم خان کاکڑ، ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر (DSM) پی پی ایچ آئی عصمت اللہ ترین اور محکمہ صحت کے دیگر ضلعی آفسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایم ایس برشور ڈاکٹر نسیم خان کاکڑ اور ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی عصمت اللہ ترین نے ہسپتالوں اور بنیادی مراکزِ صحت (BHUs) کی کارکردگی، طبی عملے کی حاضری اور ادویات کی دستیابی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایات
بریفنگ کے بعد ڈپٹی کمشنر خالد شمس نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ ضلع برشور کے دور افتادہ اور سرحدی علاقوں میں باقاعدگی سے عوام کو علاج معالجے کی تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مراکزِ صحت میں ڈاکٹروں و عملے کی سو فیصد حاضری، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح موقف اختیار کیا کہ اب تنخواہ صرف اور صرف کام کرنے والے ملازمین کو ملے گی، جبکہ غیر سنجیدہ اور غیر حاضری کے مرتکب ملازمین کی تنخواہیں بند کر کے ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
صحت کے شعبے میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔











