گوادر: ڈی جی ہیلتھ کا پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال کا تفصیلی دورہ، شعبہ جات کا معائنہ

گوادر: 18 نومبر کو صوبائی حکومت بلوچستان کی صحت عامہ کی پالیسی اور عوام کو معیاری، بروقت اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے اقدامات کے تحت ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال گوادر (زیرِ انتظام انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک) کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر ناصر شیخ نے ڈی جی ہیلتھ کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، طبی خدمات، دستیاب وسائل، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
شعبہ جات کا معائنہ اور مریضوں کی عیادت
ڈائریکٹر جنرل نے ایمرجنسی، او پی ڈی، جنرل وارڈز، آپریشن تھیٹر، لیبارٹری، ریڈیولوجی اور فارمیسی سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور طبی آلات کی فعالیت، ادویات کی دستیابی، تشخیصی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں سے ملاقات کر کے علاج معالجے اور فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ نے کہا کہ سرکاری اور معاون طبی اداروں میں علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنانا اور عوام کو بلاامتیاز طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا محکمہ صحت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو اپنی حاضری یقینی بنانے، پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے ادا کرنے اور مریضوں کی دیکھ بھال میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کو بروقت علاج، ضروری ادویات اور معیاری تشخیصی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کے معیار کو بھی برقرار رکھا جائے۔
دورے کے موقع پر ڈی ایچ او گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر، ایم ایس میر عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، پی پی ایچ آئی ڈسٹرکٹ منیجر ڈاکٹر منیر احمد اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔











