گوادر: ڈائریکٹر جنرل صحت کا ضلعی دفتر صحت کا دورہ، حاضری یقینی بنانے کی ہدایت

گوادر: 18 نومبر کو ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے ضلعی دفتر صحت گوادر کا دورہ کیا۔ وہاں ضلعی آفیسر صحت ڈاکٹر یاسر طاہر نے انہیں ضلع بھر میں محکمہ صحت کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور، سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت کی فعالیت، دستیاب طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی، افرادی قوت اور صحت عامہ کے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ہسپتالوں اور مراکز صحت کے مسائل پر تبادلہ خیال
اس موقع پر ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی دستیابی، مریضوں کے علاج معالجے اور محکمہ صحت کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل صحت نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ہسپتالوں اور مراکز صحت میں ڈاکٹرز، طبی عملے اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی حاضری یقینی بنائیں اور فرائض منصبی پوری ذمہ داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کو بروقت طبی امداد اور علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے صحت کے تمام متعلقہ حکام پر زور دیا کہ دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے طبی اداروں کی کارکردگی بہتر بنائیں، ادویات اور ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں اور عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام صلاحیتیں استعمال کریں۔











