کوئٹہ: یونیورسٹی لا کالج میں دخترانِ بلوچستان کی تعلیم و بااختیاری پر سیمینار

کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے زیراہتمام، بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم کی جانب سے صنفی بنیادوں پر تشدد کے خلاف سولہ روزہ مہم کے سلسلے میں یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا موضوع تھا: دخترانِ بلوچستان کی تعلیم و استعدادِ کار میں اضافے کے ذریعے تشدد سے پاک معاشرے کا قیام۔
سیمینار میں ڈاکٹر دوست محمد بڑیچ، چیف کوآرڈینیشن آفیسر بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس، ڈپٹی کوآرڈینیشن آفیسر بلوچستان سینٹر آف ایکسیلنس، ڈاکٹر عصمت اللہ خان، پرنسپل یونیورسٹی لا کالج، ڈاکٹر سلمیٰ نواز اور پی ایچ ڈی اسکالر سائمہ جمالی، طلبہ و طالبات اور سول سوسائٹی آرگنائزیشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔
خواتین کی تعلیم اور بااختیاری
ڈاکٹر دوست محمد بڑیچ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سیمینار کا بنیادی مقصد بلوچستان کی خواتین اور نوجوان لڑکیوں کو تعلیم، شعور اور مثبت سماجی سرگرمیوں کے ذریعے بااختیار بنانا، پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف آگاہی کو فروغ دینا اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہے۔
ڈاکٹر عصمت اللہ خان نے خواتین کی تعلیم، معاشرتی ترقی اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی مؤثر شمولیت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کو تعلیم اور مساوی مواقع فراہم کرکے ایک پرامن، محفوظ اور تشدد سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر سلمیٰ نواز نے خواتین کے حقوق کے تحفظ، صنفی بنیادوں پر تشدد کے خاتمے، پرتشدد انتہاپسندی کے خلاف شعور و آگاہی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں اور مختلف اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت اجاگر کی۔
پی ایچ ڈی اسکالر سائمہ جمالی نے اسلام کی رو سے خواتین کے حقوق، اہمیت اور ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔
سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دخترانِ بلوچستان کو تعلیم، آگاہی اور بااختیار بنانے کے مواقع فراہم کرکے انہیں معاشرے کی مثبت تبدیلی، سماجی ہم آہنگی اور پائیدار امن کے قیام میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جائے گا۔











