ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر سلیم زرکون کا ڈیرہ بگٹی کے امتحانی مراکز اور اسکولوں کا دورہ

ڈیرہ بگٹی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی تعلیمی اصلاحات اور سرکاری تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط کی بہتری کے وژن کے مطابق ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن کوہِ سلیمان ڈویژن ڈاکٹر محمد سلیم زرکون نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اعجاز بگٹی کے ہمراہ اپر ڈیرہ بگٹی کی تحصیل قادرآباد اور پھیلاوغ کے مختلف امتحانی مراکز اور سرکاری تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران مڈل اسٹینڈرڈ امتحانی مراکز میں امتحانی عمل، نقل کی روک تھام اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر امتحانی مراکز میں نقل کی روک تھام اور سیکیورٹی کے لیے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے انہوں نے امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نقل ایک ناسور بن چکی ہے، جس کا خاتمہ معیاری تعلیمی نظام کے لیے ناگزیر ہے۔
اسکولوں کا معائنہ
ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن نے گورنمنٹ ہائی اسکول قادرآباد اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول قادرآباد کا بھی تفصیلی معائنہ کیا، جہاں تعلیمی ماحول، صفائی ستھرائی، اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی حاضری کا جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح تحصیل پھیلاوغ کے گورنمنٹ ہائی اسکول لنڈڑا، ہائی اسکول شام امیر خان اور ہائی اسکول مالم کا بھی دورہ کیا گیا، جہاں تعلیمی سرگرمیوں، صفائی، طلبہ کی حاضری اور کلسٹر بجٹ کی تقسیم و استعمال کا معائنہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد سلیم زرکون نے واضح کیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں غیر حاضری، غفلت اور فرائض میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے، طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور اداروں کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرائض میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











