پشین: محکمہ ایکسائز کی کارروائی، 33 ایکڑ پر بھنگ کی فصل تلف

پشین: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، نارکوٹکس کنٹرول نے منشیات کی غیر قانونی کاشت کے خاتمے کے لیے پشین میں بھرپور اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 33 ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی بھنگ (چرس) کی فصل تلف کر دی۔
محکمہ ایکسائز کے افسران کے مطابق حکومت کی منشیات کے خاتمے کی پالیسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، نارکوٹکس کنٹرول نے ضلعی انتظامیہ پشین کے تعاون سے تحصیل پشین کے مختلف علاقوں میں منشیات کی غیر قانونی کاشت کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا۔
کارروائی اسسٹنٹ کمشنر پشین کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی، جس میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نارکوٹکس، ضلعی انتظامیہ، انٹیلی جنس بیورو، ڈسٹرکٹ پولیس اور سی آئی اے پشین کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران علاقے تورہ شاہ میں تقریباً 8 ایکڑ جبکہ دمان جگدا میں تقریباً 25 ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی بھنگ کی فصل مکمل طور پر تلف کر دی گئی۔
اس طرح مجموعی طور پر تقریباً 33 ایکڑ اراضی کو منشیات کی غیر قانونی کاشت سے پاک کر دیا گیا۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نارکوٹکس کنٹرول اور ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ پشین سمیت ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی منشیات کی غیر قانونی کاشت اور منشیات کے کاروبار کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے محفوظ بنایا جا سکے اور معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کے حکومتی مشن کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا سکے۔











