پسنی: گرلز ہائی اسکول باغبازار میں چھ روزہ پروجیکٹ بیسڈ اسیسمنٹ کا انعقاد

پسنی: صوبائی حکومت بلوچستان کی تعلیم دوست پالیسی اور تعلیمی معیار کی بہتری کے اقدامات کے تحت گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول باغبازار پسنی میں طالبات کی تخلیقی، تحقیقی اور عملی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے چھ روزہ پروجیکٹ بیسڈ اسیسمنٹ کا انعقاد کیا گیا۔
اس دوران جماعت نہم کی طالبات نے بائیولوجی، فزکس اور کیمسٹری کے مختلف موضوعات پر سائنسی ماڈلز تیار کر کے اپنی صلاحیتوں اور تخلیقی سوچ کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
پیش کیے گئے ماڈلز میں فائیو کنگڈم سسٹم، اینیمل اینڈ پلانٹ سیل، ایٹمی ساخت، آتش فشاں کا پھٹنا، نیوٹن کا تیسرا قانونِ حرکت اور پریشر جیسے اہم سائنسی موضوعات شامل تھے۔ اسکول کی ہیڈمسٹریس اور اساتذہ نے طالبات کے تیار کردہ ماڈلز کا جائزہ لیا اور ان کی محنت، تخلیقی صلاحیتوں اور سائنسی دلچسپی کو سراہا۔
اس موقع پر اساتذہ کا کہنا تھا کہ پروجیکٹ بیسڈ اسیسمنٹ جیسی سرگرمیاں رٹہ سسٹم کے بجائے عملی تعلیم، تحقیق، مشاہدے اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، جس سے طالبات میں خود اعتمادی اور سیکھنے کا رجحان بھی مضبوط ہوتا ہے۔
اس سرگرمی کا مقصد طالبات کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے معیاری، بامقصد اور عملی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔











