ایران کی زمینی ناکہ بندی ناممکن، عباس عراقچی کا دعویٰ

تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کی جانب سے ملک کی زمینی ناکہ بندی کو تقریباً ناممکن قرار دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایران کے وسیع رقبے، متعدد صوبوں اور ہمسایہ ممالک سے گہرے سرحدی روابط کے باعث اسے مکمل طور پر محصور نہیں کیا جا سکتا۔
عباس عراقچی نے وزارت خارجہ کے صوبائی دفاتر کے سربراہان کے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ ایران کے سرحدی صوبوں میں ایسی صلاحیتیں موجود ہیں جو دشمن کی جانب سے بند کیے گئے راستوں کو دوبارہ کھولنے میں مدد دے سکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر لوگوں کی آمدورفت، عوامی روابط اور دونوں جانب مشترکہ تاریخی و ثقافتی تعلقات ایران کے لیے اہم قوت ہیں۔ بالخصوص سرحدی علاقوں کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ روابط بیرونی پابندیوں اور رکاوٹوں کا مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ملک اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ دشمنوں کو پابندیوں کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی امید نہ رہے۔ دباؤ کا بہترین جواب یہ ہے کہ پابندیاں لگانے والوں کو یقین ہو جائے کہ ان کا حربہ مؤثر نہیں ہوگا۔
تاہم ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پابندیوں کا مقابلہ کرنے کا مطلب سفارت کاری ترک کرنا نہیں۔ وزارت خارجہ پابندیاں ختم کرانے اور مذاکرات کے لیے سفارتی راستے کھلے رکھے ہوئے ہے۔











