نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں 12 دہشت گرد ہلاک، شاہد رند کا اطمینان کا اظہار
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چار اضلاع میں مختلف آپریشنز کے دوران 12 دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، مؤثر حکمت عملی اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 20 سے 23 نومبر کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 12 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
شاہد رند کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بروقت اور مؤثر کارروائیاں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی مسلسل کوششوں کی عکاس ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ خدمات قابل تحسین ہیں۔ بلوچستان میں امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستی ادارے بھرپور عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں اس امر کا اظہار ہیں کہ پاکستان اپنے عوام کے تحفظ اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ دہشت گردی کے نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔
معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون اور مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔
شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششیں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی اور دہشت گرد عناصر کو عوام کے امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔











