قلات: ڈپٹی کمشنر عائشہ زہری کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس
قلات: ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ کمیٹی کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمالک، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سومار خان، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر عبدالفتاح سمیت محکمہ صحت قلات کے دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
ضلع میں صحت کے مسائل پر تبادلہ خیال
اجلاس میں ضلع بھر میں صحت کے شعبے کو درپیش مسائل اور عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جن میں ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر ٹیکنیکل اسٹاف کی حاضری یقینی بنانا، ڈاکٹروں اور عملے کی کمی، تبادلوں اور تعیناتیوں، ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، بنیادی مراکزِ صحت (BHU) میں ایمبولینسز اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی، عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی اور دیگر متعلقہ امور شامل تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ ڈاکٹرز اور دیگر ٹیکنیکل اسٹاف اپنی جائے تعیناتی پر حاضری یقینی بنائیں، فرائض میں غفلت اور لاپروائی کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ قلات محکمہ صحت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ صحت کے شعبے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔











