قطر کے وزیر داخلہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی: قطر کے وزیرِ داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے راولپنڈی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور دنیا کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعتراف کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قطر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔











