صومالیہ کا یو اے ای کے سفیر کو 72 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم، اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا

موغادیشو: صومالیہ نے جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا اور ابوظہبی سے اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا۔ حکومت کا الزام ہے کہ امارات نے صومالیہ کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی ہے جو کھلی جارحیت کے مترادف ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے پر نشر ہونے والے بیان میں وزیر اطلاعات عبدالفتاح قاسم محمود نے کہا کہ جو بھی اس جارحیت میں امارات سے تعاون کرے گا اس کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے تمام صومالیوں سے اپنے ملک کے دفاع اور اتحاد کی اپیل بھی کی۔
وزیر نے یہ نہیں بتایا کہ امارات کے کن اقدامات پر یہ ردعمل سامنے آیا۔ منگل کو صدر حسن شیخ محمود نے اپنی تقریر میں الزام لگایا تھا کہ امارات بعض علاقائی صومالی حکومتوں کو وفاقی حکومت کی مخالفت کے لیے معاشی اور سیاسی مدد دے رہا ہے۔
یو اے ای کی وزارت خارجہ کا فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔ امارات صومالیہ کے معاملات میں مداخلت کے الزام کی طویل عرصے سے تردید کرتا آیا ہے۔
جنوری میں صومالیہ نے امارات کے ساتھ بندرگاہوں، دفاع اور سکیورٹی تعاون سمیت تمام معاہدے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امارات سے قریبی تعلقات رکھنے والے تین خود مختار صومالی علاقوں نے اس اقدام کو اس وقت مسترد کر دیا تھا۔
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق امارات نے 2014 سے 2018 تک سیکڑوں صومالی فوجیوں کو تربیت دی۔ صومالی ذرائع کے مطابق وہ اب بھی دارالحکومت اور اس کے گرد و نواح میں تقریباً 3,400 فوجی پولیس اور خصوصی دستوں کی تنخواہیں اور رسد فراہم کرتا ہے۔ اس نے ساحل پر بندرگاہوں اور فوجی ڈھانچے میں کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کی ہے۔











