فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تربت کا دورہ، شہدا کی یادگار پر حاضری، جوانوں کے حوصلے کی تعریف

راولپنڈی: آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ بلوچستان کے دوران مشکل آپریشنل حالات کے باوجود پاک فوج کے جوانوں اور افسران کے مادر وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تربت میں شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر فیلڈ مارشل کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہیں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز پر بھی جامع بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل کو بلوچستان میں جاری مختلف سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مشکل آپریشنل حالات کے باوجود ان کی اعلیٰ آپریشنل تیاریوں، پیشہ ورانہ مہارت اور مادر وطن کے دفاع کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امن، خوشحالی اور پائیدار ترقی کے مسلسل حصول میں فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کو دہرایا۔










