گوادر: کیسکو کی 245 آسامیوں کے لیے واک اِن انٹرویوز جاری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا دورہ

گوادر: وفاقی حکومت کے اقدام کے تحت کیسکو گوادر میں 245 خالی آسامیوں کے لیے انٹرویوز کا سلسلہ جی ڈی اے کے واجہ احمد بخش لہڑی آڈیٹوریم میں جمعرات کو بھی جاری رہا۔
اب تک تقریباً ایک ہزار امیدواروں کے انٹرویوز کیے جا چکے ہیں۔ امیدواروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے واک اِن انٹرویوز ہفتہ اور اتوار کو بھی جاری رکھنے کے لیے کیسکو کے اعلیٰ حکام سے سفارش کر دی۔
آج جمعرات کے روز ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عبدالشکور نے انٹرویو مرکز کا دورہ کیا، انتظامات کا جائزہ لیا اور امیدواروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل معلوم کیے۔ انہوں نے امیدواروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو مزید اقدامات کی ہدایت کی۔
امیدواروں کو ایئرکنڈیشنڈ ماحول سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ نادرا، ضلعی انتظامیہ، گوادر پولیس اور جی ڈی اے کی جانب سے تکنیکی و انتظامی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
انٹرویو پینل کے کنوینر کیسکو کے پی ڈی سلام مینگل ہیں، جبکہ ایگزیکٹو انجینئر کیسکو گوادر حسین بخش سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی پینل میں شامل ہیں۔
امیدواروں نے حکومت پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ انہیں اپنے علاقے اور گھر کی دہلیز پر انٹرویو دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے انٹرویوز کے منظم، باوقار اور شفاف انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بھرتیوں کا اگلا مرحلہ بھی میرٹ اور شفافیت کے مطابق مکمل ہوگا۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان










