تربت: کیچ اکیڈمک گالا 2026 کا دوسرا مرحلہ عروج پر، وائس چانسلر کا گالا کا دورہ

تربت: 19 نومبر 2026 کو جامعہ تربت میں جاری چار روزہ کیچ اکیڈمک گالا 2026 کا دوسرا مرحلہ نئی کاروباری سوچ، ٹیکنالوجیکل جدت اور شاندار ثقافتی رنگوں کے ساتھ اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے۔
ترجمان جامعہ تربت کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران، انجمن تاجران کے نمائندہ وفد، صحافیوں، ممتاز کاروباری شخصیات اور ماہرین تعلیم کے ہمراہ بزنس گالا، مصنوعی ذہانت (اے آئی) بوٹ کیمپ اور لائیو میوزک شو کا دورہ کیا۔
گالا کی مقبولیت اور اسٹالز
ترجمان کے مطابق اس میگا ایونٹ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ طلبہ، اینٹی نارکوٹیکس فورس اور ابھرتے ہوئے مقامی انٹرپرینیورز سمیت مختلف کاروباری اداروں کی جانب سے اسٹالز لگانے کے لیے سینکڑوں درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے بہترین 100 معیاری اسٹالز کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔
گالا میں جہاں ایک طرف طلبہ کے تیار کردہ اے آئی روبوٹکس اور سائنس پراجیکٹس کی نمائش جاری ہے، وہیں دوسری جانب روایتی، ثقافتی و ماڈرن کھانوں کے ذائقہ دار فوڈ اسٹالز، بک اسٹالز، بلوچی دستکاری و ہینڈی کرافٹس، کاسمیٹکس، فائن آرٹس، ڈیجیٹل فوٹوگرافی اور ورچوئل گیمنگ زونز کے اسٹالز شرکاء کے لیے توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
وائس چانسلر کا وژن
وائس چانسلر سمیت دیگر معزز مہمانوں نے طلبہ کی کاروباری مائنڈ سیٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے انداز اور مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال پر مبنی پراجیکٹس کو بے حد سراہا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ تربت اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے گائیڈلائنز، عہد حاضر کے تقاضوں اور یونیورسٹی اسٹریٹجک پلان کے مطابق اپنے طلبہ اور نوجوانوں کو انوویٹر، ڈیجیٹل اسکلز سے آراستہ کرنے، روزگار پیدا کرنے والا اور بااختیار بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ محض ایک ایونٹ نہیں بلکہ ایک مشن ہے جس کے تحت طلبہ اور نوجوانوں کو انٹرپرینیورشپ اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے میدان میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ہے۔
دوسری جانب جاری لائیو میوزک شو اور ثقافتی رنگوں نے کیمپس کی رونقیں دوبالا کر دی ہیں، جن سے حاضرین بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔
معزز مہمانوں کی شرکت
ڈسٹرکٹ کونسل تربت کے وائس چیئرمین میر باہڑ جمیل دشتی، کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈوکیٹ رستم جان گچکی، ایڈوکیٹ مہراب گچکی، انجمن تاجران کے نمائندوں، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے گالا کا دورہ کر کے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔
وائس چانسلر کے ساتھ ملاقات میں معزز مہمانوں نے کہا کہ جامعہ تربت نے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی اور صحت مند تفریح کو یکجا کر کے خطے کے نوجوانوں کو ایک مثبت سمت دی ہے اور اس میگا ایونٹ میں شہریوں، طالب علموں اور کاروباری طبقے کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ جامعہ تربت نہ صرف اعلیٰ تعلیم کا مرکز ہے بلکہ خطے میں جدید ٹیکنالوجی، فکری، ثقافتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں بھی پیش پیش ہے۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان










