کوئٹہ: بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو 2026 کامیابی سے اختتام پذیر

کوئٹہ: بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (BBoIT) کے زیر اہتمام بلوچستان کی تاریخ کی پہلی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) دو روزہ سرگرمیوں کے بعد کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
ایکسپو میں ملک بھر سے سرمایہ کاروں، صنعتکاروں، تاجروں، کاروباری اداروں، سرکاری محکموں اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی، جبکہ دوسرے روز بھی بڑی تعداد میں شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایکسپو کا دورہ کیا اور اس کے انعقاد اور انتظامات کو سراہا۔
ایکسپو کا مقصد بلوچستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ صوبے کے مختلف شعبوں میں موجود کاروباری مواقع کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا تھا۔
کاروباری برادری کا کردار
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلال خان کاکڑ نے تمام نمائش کنندگان، تاجروں، صنعتکاروں اور کاروباری اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس ایونٹ کی کامیابی میں سب سے اہم کردار نمائش کنندگان اور کاروباری برادری کا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وڑن کے تحت یہ ایک مثبت سرگرمی منعقد کی گئی، جس کا مقصد صوبے کے تاجروں، صنعتکاروں، ایس ایم ایز اور کاروباری افراد کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان صوبے میں کاروبار اور صنعتوں کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی اور کاروباری برادری کو یہ اعتماد فراہم کرے گی کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
نوجوانوں اور تعلیمی اداروں کا کردار
اس موقع پر وائس چانسلر BUITEMS پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کے لیے انٹرپرینیورشپ، کاروباری اسٹارٹ اپس اور صنعت و تعلیمی اداروں کے باہمی اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف ملازمتوں کے حصول تک محدود رہنے کے بجائے اپنا کاروبار شروع کرنے، اسے ترقی دینے اور دوسروں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی سوچ اپنانی چاہیے۔ ان کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کا فروغ نہ صرف نوجوانوں کی ذاتی ترقی بلکہ معاشرے اور کمیونٹی کی معاشی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں آئی ٹی اور دیگر جدید مضامین کے فروغ کے ساتھ طلبہ کو کاروباری دنیا اور صنعت سے منسلک کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں، حکومتی تنظیموں اور صنعت کے درمیان اشتراک ہی معاشی ترقی کا مؤثر راستہ ہے۔
اختتامی تقریب میں شرکاء نے ایکسپو کے انعقاد کو بلوچستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان










