کوئٹہ: بلوچستان رینج لینڈ پالیسی کے مسودے کی تکنیکی توثیق کے لیے صوبائی ورکشاپ

کوئٹہ: محکمہ جنگلات و جنگلی حیات حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام اور یورپی یونین کے مالی تعاون سے جاری ری وائیول آف بلوچستان واٹر ریسورسز پروگرام (RBWRPTA) کے اشتراک سے بلوچستان رینج لینڈ پالیسی 2026-2035 کے مسودے کی تکنیکی توثیق کے لیے صوبائی ورکشاپ گزشتہ روز منعقد ہوئی، جس میں ملکی و بین الاقوامی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ورکشاپ کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل آف فاریسٹس، وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر معظم نظامی تھے۔ انہوں نے پالیسی سازی میں تکنیکی مشاورت اور ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی چراگاہوں کا پائیدار انتظام، قدرتی وسائل کا تحفظ اور تباہ شدہ چراگاہوں کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ورکشاپ میں ایڈیشنل سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات ذوالفقار کرار، چیف کنزرویٹر وائلڈ لائف شریف الدین بلوچ، RBWRPTA کے ٹیم لیڈر جیلے بیکما، چیف کنزرویٹر آف فاریسٹس محمد اسلم بزدار، رینج لینڈ کنسلٹنٹ محمد یوسف خان، کنزرویٹر سلیم جاوید، سابق چیف کنزرویٹر سید غلام محمد، ڈاکٹر فیض الباری اور دیگر ماہرین نے پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔
چراگاہوں کے تحفظ پر زور
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان کی چراگاہیں قدرتی ماحول اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے ساتھ ہزاروں دیہی اور چرواہا خاندانوں کے روزگار کا بنیادی ذریعہ ہیں، لہٰذا ان کا پائیدار تحفظ اور سائنسی بنیادوں پر انتظام ناگزیر ہے۔
ورکشاپ کی سفارشات کی روشنی میں پالیسی کے مسودے کو مزید بہتر بنا کر قانونی جانچ اور متعلقہ حکومتی فورمز میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ یہ اقدام بین الاقوامی سال برائے چراگاہیں اور چرواہے 2026 کے تناظر میں بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان










