کوئٹہ: انسدادِ گداگری مہم، 9 کم عمر گداگر بچے تحویل میں لے کر سوشل ویلفیئر کے حوالے

کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی کوئٹہ کی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں، جن میں یوفون چوک، سرینا چوک، انسکمب روڈ اور میزان چوک شامل ہیں، میں انسدادِ گداگری مہم کے تحت کارروائی کی۔
کم عمر بچے تحویل میں
اس کارروائی کے دوران کم عمر 9 گداگر بچوں کو تحویل میں لے کر مزید کارروائی کے لیے محکمہ سوشل ویلفیئر کے حوالے کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے شہر میں منظم گداگری کی روک تھام اور متعلقہ محکموں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں گداگروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور بچوں سے بھیک مانگنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہر میں کم عمر گداگر بچوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لا کر انہیں تحویل میں لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گداگری ایک لعنت ہے جس کے خاتمے کے لیے معاشرے کی تمام اکائیوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ہم اس معاشرے اور شہر کو گداگروں سے پاک کریں۔ کیونکہ ان کی وجہ سے چوریوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان










