فوج دشمن کے مقابلے میں طاقتور ہو، اپنی قوم کے مقابلے میں نہیں: فضل الرحمان

پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپنے مفادات کے لیے تضادات کی سیاست کی جا رہی ہے۔ ہم فوج کے خلاف نہیں، فوج ہماری دفاعی قوت ہے۔
ہم فوج کو دشمن کے مقابلے میں طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن اپنے مقابلے میں طاقتور نہیں دیکھنا چاہتے۔
پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بار کی دعوت پر وہ مشکور ہیں اور یہ اجتماع ملک کے دانشوروں کا اجماع ہے۔ وہ ملک کی موجودہ صورتحال پر کچھ معروضات پیش کرنا چاہتے ہیں۔
ملکی نظام اور صوبوں کے مطالبات
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تین قسم کے نظریات کے حامل لوگ پاکستان کے وجود کی تشریح کرتے ہیں۔ 1973 میں اسلامی نظریاتی کونسل تشکیل دی گئی، لیکن آج تک اس کی کسی ایک سفارش پر قانون سازی نہیں ہو سکی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری معیشت کہاں کھڑی ہے، برآمدات کی پوزیشن کیا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کیا ہے اور مہنگائی کی شرح کیا ہے، اس کا اپنے خطے کے ممالک کے ساتھ موازنہ کیا جائے۔ آج ہم کہاں کھڑے ہیں، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ سیاست دان کو ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے، حالانکہ سیاست دان ایسے گھوڑے پر سوار کیے جاتے ہیں جس کا کنٹرول ان کے ہاتھ میں نہیں ہوتا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کا حشر کر دیا ہے، اس ملک میں کون ہے جو ملکی نظام سے مطمئن ہو؟
ہم نے طویل عرصہ صوبوں کے اختیارات کی جنگ لڑی ہے۔ یا تو ہم نے چار صوبوں کو ایک صوبہ بنایا، یا اب ہر صوبے کو نہ جانے کتنے ٹکڑوں میں بانٹنے کی سوچ رہے ہیں۔ کچھ علاقوں سے صوبوں کے مطالبات اٹھے، جنہیں اس وقت غداری سمجھا جاتا تھا، اور آج معلوم نہیں کس طرح صوبوں کے ٹکڑے کرنے کی بات آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی لگائی گئی۔ اگر دہشت گردی گورنر راج اور ایمرجنسی کی وجہ ہے تو کیا بلوچستان کے حالات ایسے نہیں؟ معدنی ذخائر کے بل کو بلوچستان نے پاس کیا، یہاں پاس نہیں ہوا۔ بلوچستان میں اس لیے گورنر راج نہیں لگا۔
ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاٹا کی پرانی حیثیت برقرار رکھنے یا اسے خیبرپختونخوا میں رکھنے کا فیصلہ وہاں کے لوگ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ مجھ سے براہ راست باجوہ نے کہا تھا کہ مولانا آپ مخالفت کیوں کر رہے ہیں، ہم پر امریکی دباؤ ہے۔
اب دوبارہ فاٹا کو وفاق کے زیر انتظام لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا نے خود براہ راست بتایا ہے کہ ان کا خیال تھا مولانا خوش ہوں گے، کیونکہ فاٹا میں معدنی ذخائر نظر آئے ہیں۔ فاٹا میں پولیٹکل ایجنٹ کا نظام واپس لایا جا رہا ہے۔
قبائلی علاقوں میں ہفتے اور اتوار کو کرفیو لگایا جاتا ہے اور ان دو دنوں میں ہمارے قیمتی اثاثے لے جائے جاتے ہیں۔ آج صوبے میں کوئی دہشت گردی نہیں اور مکمل امن و امان ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان ہے، تبھی ہماری سیکیورٹی واپس لے لی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اپنے مفادات کے لیے تضادات کی سیاست کی جا رہی ہے۔ صوبوں کے حقوق کی بات کی جاتی ہے، مگر اپنے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے جعلی اسمبلیاں بنائی جا رہی ہیں۔
شفاف انتخابات اور حکومتی مذاکرات
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت تمام مسائل کا حل شفاف الیکشن ہے، اور شفاف الیکشن وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمرے سے واپسی پر پی ٹی آئی کا وفد ان سے ملا۔ اس کے بعد پی ٹی آئی کا مارچ شروع ہوا تو حکومت نے کہا کہ اسلام آباد آنے نہیں دیں گے اور مداخلت کا کہا گیا۔ پھر وزیراعظم کی جانب سے کھانے پر بلانے کی کال آئی، جس پر انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ ٹیم آئے گی، اور وہ گئے۔
تفصیلی گفتگو میں انہوں نے پی ٹی آئی کے مطالبات سامنے رکھے، ان کا نقطہ نظر سمجھا اور پی ٹی آئی کو احوال بتایا۔ پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر مطالبات مان لیے جائیں تو لانگ مارچ ختم کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ نماز کے وقت گئے تھے، جہاں انہیں بتایا گیا کہ کابینہ نے ہر صورت گورنر راج لگانے کا کہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو کابینہ لکڑیوں کے سہارے چلے، کیا اس میں ہمت ہے کہ وہ جواب دے؟ ایسی حکومت کا کیا کہا جائے جو کمٹمنٹ کے باوجود ایسا کرے؟
انہوں نے موجودہ حکومت کی دہشت گردی سے متعلق کارکردگی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ وزیراعظم آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر رہے ہیں اور پنجاب میں ان کے لوگ بھی رہا کروا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تب مان لیتے تو کشیدگی اتنی نہ بڑھتی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہیں، لیکن جو بھی ان کے بیانیے کے خلاف جاتا ہے، اسے کہا جاتا ہے کہ اس کے خلاف فائلیں لاؤ۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ہماری جوانی جدوجہد میں گزری ہے۔ اس عمر میں جیل میں بھیجنا چاہتے ہیں تو آرام کر لیں گے۔ ڈمی اسمبلیاں عوام کی خدمت نہیں کر سکتیں، ایسی اسمبلیاں صرف طاقتور کی خدمت کر سکتی ہیں۔











