صائم ایوب کا کچھ عرصہ کھیل سے دور رہنے کا فیصلہ، پی سی بی سے درخواست

لاہور: قومی کرکٹر صائم ایوب نے پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ وہ کچھ عرصہ کھیل سے دور رہنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ ذہنی طور پر مضبوط ہو کر ہی کھیل میں واپس آئیں گے۔
صائم ایوب ان دنوں کیریئر کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں۔ ناقص کارکردگی کے سبب انہیں قومی اسکواڈ سے باہر کیا جا چکا ہے، انہوں نے ڈومیسٹک میچز کھیلنے سے گریز کیا، اور سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں بھی ان کا نام شامل نہیں۔
ذرائع کے مطابق صائم نے خود پی سی بی سے کہا ہے کہ وہ فی الحال نہیں کھیل سکتے، اور ون ڈے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ سے کرکٹ میں واپسی کا ارادہ ہے۔
مسلسل ناکامیاں
ٹی ٹوئنٹی کیریبیئن لیگ میں سنچری کی بنیاد پر انہیں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کھیلنے کے لیے طلب کیا گیا تھا، مگر وہ دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ مزید ناکامیوں کے بعد ون ڈے ٹرائنگولر سیریز کی ٹیم سے بھی انہیں باہر کر دیا گیا۔
گزشتہ برس سری لنکا کے خلاف سیریز سے اب تک آخری 5 ون ڈے میچوں میں صائم ایوب 60 رنز بنا سکے۔ رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے وہ کوئی نصف سنچری نہیں بنا سکے، اور ان کا اسکور 24، 19، 6، 14، 7، 21، 29، 8 رہا۔
پاکستان کے لیے ہر طرز کے آخری 15 میچوں کی 16 اننگز میں انہوں نے 11.75 کی اوسط سے 188 رنز بنائے، جن میں 33 ان کا سب سے زیادہ اسکور رہا۔
مسلسل ناکامیوں کے باوجود ٹیم مینجمنٹ انہیں متواتر مواقع دیتی رہی، تاہم اب وہ خود وقفہ لے کر اپنے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔











