راولپنڈی ٹیسٹ: چوتھے روز 6 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی پر تعینات

راولپنڈی: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل کی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے مؤثر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کیے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل کے مطابق میچ کے دوران راولپنڈی پولیس کے تقریباً 6 ہزار افسران سکیورٹی اور ٹریفک کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، جبکہ سینئر افسران فیلڈ میں فورس کو چیک کرنے کے ساتھ بریفنگ بھی دے رہے ہیں۔
اسٹیڈیم کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔ سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ اور ڈولفن سکواڈ اسٹیڈیم کے اطراف گشت کر رہے ہیں۔
شہریوں کی سہولت کے لیے مؤثر ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹیسٹ میچ کے دوران فول پروف سکیورٹی و ٹریفک انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔











