سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی بین الاقوامی کانفرنس ICETST2026 اختتام پذیر
کوئٹہ: سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کوئٹہ کے زیر اہتمام سائنس و ٹیکنالوجی کے جدید رجحانات پر منعقدہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس (ICETST2026) علمی، سائنسی اور تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی جامعات سے تعلق رکھنے والے ممتاز ماہرینِ تعلیم، سائنسدانوں، محققین اور اسکالرز نے شرکت کی اور جدید سائنسی رجحانات، تحقیق، مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کیے۔
کانفرنس کے دوسرے روز وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ جامعات کی ذمہ داری ہے کہ وہ معیاری تعلیم کے ساتھ تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیں اور نوجوان محققین، بالخصوص طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنسز مختلف ممالک کے محققین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے، علمی تجربات کے تبادلے اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ایس بی کے ویمن یونیورسٹی بلوچستان میں خواتین کی اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور سائنسی ترقی کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔
دوسرے روز کے سیشنز
دوسرے روز کی کارروائی مین آڈیٹوریم، رابیہ بصری ہال میں تلاوتِ کلام پاک اور قومی ترانے سے شروع ہوئی۔ صبح کے سیشن میں ڈاکٹر محفوظ اللہ (قراقرم یونیورسٹی)، ڈاکٹر روشن غوث (نیوزی لینڈ)، ڈاکٹر غلام رسول لاشاری (ایگریکلچر یونیورسٹی کوئٹہ)، پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد، ڈاکٹر سید حسرت حسین شاہ اور پروفیسر ڈاکٹر نجم مغانی (BUITEMS) نے خصوصی لیکچرز پیش کیے اور سائنسی تحقیق و جدت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
کانفرنس کے دوران آن لائن اور بالمشافہ تحقیقی سیشنز بھی منعقد ہوئے، جن میں بایومیڈیکل ریسرچ، دماغی چوٹوں، جینیات، مالیکیولر سائٹوجینیٹکس، بچوں میں دمہ، کیمیائی مرکبات، ادویات کی دریافت، کینسر کے علاج، طبی پودوں کی افادیت، نینو ٹیکنالوجی، نینو کمپوزٹس، سپر کیپیسیٹرز اور مالیکیولر تحقیق سمیت مختلف موضوعات پر تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔
اسی طرح بلوچستان کے زرعی شعبے سے متعلق پنجگور میں کاشت ہونے والے Phoenix sylvestris کے بیجوں کے تیل کی طبعی و کیمیائی خصوصیات پر تحقیق بھی پیش کی گئی۔ بالمشافہ سیشنز میں کوئٹہ میں میونسپل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور عوامی آگاہی، ZrS ڈوپڈ PMMA میٹرکس کی تیاری و استعمال اور میٹل گلوٹامک ایسڈ MOFs کے ذریعے میتھیلین بلیو کے تجزیے جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔ تحقیقی مقالوں کے بعد سوال و جواب اور علمی تبادلہ خیال کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
اختتامی سیشن
کانفرنس کے اختتامی سیشن میں نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم قوم کی بنیادی ضرورت ہے۔ جس کے پاس جتنا زیادہ علم ہوگا، وہ معاشرے میں اتنا ہی باعزت مقام حاصل کرے گا۔ آج دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں معیاری، اعلیٰ اور ٹیکنیکل تعلیم کے حصول پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ یہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے کسی قوم کی سیاسی، معاشی اور سماجی ترقی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ جس مشکل دور سے ہم گزر رہے ہیں، اس سے ہماری بچیاں اپنی ذہانت، صلاحیتوں اور تخلیقی سوچ کے ذریعے قوم کو نکالنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ کانفرنس میں سائنس کے شعبے میں بہترین اور قابلِ تحسین تحقیقی آئیڈیاز پیش کیے گئے ہیں۔ ہماری بچیوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، تاہم مناسب پالیسیوں اور فنڈنگ کی عدم موجودگی کے باعث انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان آج تعلیم کے میدان میں پہلے سے بہتر پوزیشن میں ہے۔ اگر میرے اختیار میں ہوتا تو میں تمام دستیاب وسائل تعلیم پر خرچ کرتا۔ بطور وزیراعلیٰ بلوچستان اپنے دور میں تعلیمی بجٹ 4 فیصد سے بڑھا کر 26 فیصد کیا اور تین میڈیکل کالجز سمیت چھ یونیورسٹیاں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صوبائی شعبہ ہے، اس لیے اس کی ترقی اور بہتری ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان کے غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے فزکس کے شعبے میں میرٹ کی بنیاد پر یورپ کی جامعات سے اسکالرشپس حاصل کی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوان غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کریں اور تحقیق و تخلیق کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مصنوعی ذہانت (AI) کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ٹیکنالوجی نے دنیا اور ترقی یافتہ ممالک میں نمایاں مقام حاصل کرلیا ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو بھی مصنوعی ذہانت کو بہتر اور معیاری انداز میں سیکھنے اور اس کے مثبت استعمال پر توجہ دینی چاہیے۔ ہمارے لوگوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف مواقع، حوصلہ افزائی اور مسلسل محنت کی ہے۔
کانفرنس کے شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ تحقیقی سرگرمیوں کا فروغ نہ صرف عالمی سائنسی چیلنجز سے نمٹنے بلکہ بلوچستان کے مقامی مسائل کے حل کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ کانفرنس نے علمی روابط، بین الشعبہ جاتی تعاون اور بین الاقوامی سطح پر تحقیقی تجربات کے تبادلے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا۔
سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی جانب سے اس عالمی کانفرنس کا انعقاد خواتین کی اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، علمی جدت اور بین الاقوامی تعلیمی روابط کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے۔











