زیارت: پاکستان کے پہلے خلائی مشن سے متعلق آگاہی پوسٹرز شاہراہوں پر آویزاں
زیارت: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی کی نگرانی میں پاکستان کے پہلے خلائی مشن کی اہمیت اور سائنسی میدان میں ملک کی پیش رفت کو اجاگر کرنے کے لیے ضلع زیارت کی مختلف اہم شاہراہوں اور نمایاں مقامات پر آگاہی پوسٹرز آویزاں کیے گئے ہیں۔
اس اقدام کا مقصد عوام بالخصوص نوجوان نسل میں سائنس، ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق اور جدید سائنسی علوم سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے۔ پوسٹرز کے ذریعے پاکستان کی خلائی تحقیق کے شعبے میں پیش رفت، قومی صلاحیتوں اور سائنسی کامیابیوں کو نمایاں کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جدید سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کے فروغ سے پاکستان ترقی اور خود انحصاری کی نئی منزلیں حاصل کر سکتا ہے۔ نوجوان نسل کو سائنسی تحقیق، تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع اور حوصلہ افزائی فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالقدوس اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کی سائنسی کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ایسے آگاہی اقدامات سے نوجوانوں میں قومی ترقی، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے مثبت سوچ کو فروغ ملے گا۔











