خضدار: وفاقی محتسب کی مداخلت، رحمت خاتون کو BISP کی 14,500 روپے کی سہ ماہی قسط جاری
خضدار: وفاقی محتسب ریجنل آفس خضدار کی بروقت اور مؤثر مداخلت کے نتیجے میں مقامی مستحق خاتون کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی مالی امداد کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر شکایت کا کامیابی سے ازالہ کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون کو ان کی 14,500 روپے کی سہ ماہی قسط جاری کر دی گئی ہے۔
درخواست گزار رحمت خاتون (ساکن محلہ لیزو، خضدار) نے وفاقی محتسب کے دفتر میں شکایت درج کرائی تھی کہ وہ BISP کی باقاعدہ رجسٹرڈ مستحق (بینفشری) ہیں، تاہم متعلقہ انتظامیہ کی غفلت اور تاخیر کے باعث انہیں موجودہ سہ ماہی قسط ادا نہیں کی جا رہی تھی، جس سے انہیں شدید معاشی مشکلات کا سامنا تھا۔
شکایت موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے BISP کے متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا۔
وفاقی محتسب کی مؤثر کارروائی اور دباؤ کے نتیجے میں BISP انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ریکارڈ کی درستگی کے بعد درخواست گزار رحمت خاتون کے حق میں 14,500 روپے کا فنڈ باقاعدہ طور پر جاری کر دیا۔
سائلہ کو ان کا حق ملنے پر وفاقی محتسب نے شکایت کو کامیابی سے نمٹاتے ہوئے کیس داخلِ دفتر (Disposed of) کر دیا۔ متاثرہ خاتون نے گھر بیٹھے، بغیر کسی فیس اور سفارش کے فوری انصاف کی فراہمی پر وفاقی محتسب کے ادارے کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
وفاقی محتسب کی اس کامیاب کارروائی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ یہ ادارہ غریب، مستحق اور عام شہریوں کو وفاقی اداروں کی بدانتظامی سے نجات دلانے اور ان کے جائز حقوق کی فوری بحالی کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے۔











