جھل مگسی: ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں ہندو دربار گنداواہ میں کھلی کچہری، مسائل سنے گئے
جھل مگسی: وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری بلوچستان قادر شکیل کی ہدایات کی روشنی میں ہندو کمیونٹی کے مسائل کے فوری حل اور ان کی دہلیز پر داد رسی یقینی بنانے کے لیے ہندو دربار گنداواہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کھلی کچہری کی صدارت ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ، ونگ کمانڈر ایف سی 51 ونگ لیفٹیننٹ کرنل عاصم خان اور ایس پی جھل مگسی رحمت اللہ درانی نے مشترکہ طور پر کی۔
اس موقع پر ہندو کمیونٹی کے رہنماؤں اور عمائدین نے اپنے مختلف مسائل اور تحفظات سے ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پولیس حکام کو آگاہ کیا۔ شرکاء نے بالخصوص بجلی، پینے کے صاف پانی، روڈ نیٹ ورک اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل پیش کیے، جبکہ علاقے میں امن و امان اور ہندو کمیونٹی کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی تجاویز اور مطالبات سامنے رکھے گئے۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایات
ڈپٹی کمشنر جھل مگسی سید رحمت اللہ شاہ نے ہندو کمیونٹی کے مسائل غور سے سنے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات اور مؤثر پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام شہریوں کو بلاامتیاز بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اقلیتی برادری کے مسائل کا حل اور ان کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ایف سی اور پولیس حکام نے بھی ہندو کمیونٹی کو امن و امان اور سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون اور تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
کھلی کچہری کے انعقاد پر ہندو کمیونٹی کے رہنماؤں اور عمائدین نے ضلعی انتظامیہ، ایف سی اور پولیس حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو عوامی مسائل کے حل اور انتظامیہ و عوام کے درمیان رابطے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔











