اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان کی اسحاق ڈار سے ملاقات، ترقیاتی منصوبوں اور امن پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے آج دفتر خارجہ میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات کی بہتری اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ صوبے کی ترقیاتی ضروریات اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ پائیدار امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و استحکام کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











