جھل مگسی: ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں تعلیمی جائزہ اجلاس، غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کا حکم

جھل مگسی: 20 نومبر کو ڈپٹی کمشنر سید رحمت اللہ شاہ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ (DEG) کا ماہانہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر جھل مگسی میڈم قرت العین مگسی سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع جھل مگسی میں تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، اساتذہ کی حاضری، تعلیمی معیار، طلبہ کی حاضری اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سید رحمت اللہ شاہ نے مسلسل غیر حاضر رہنے والے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایسے اساتذہ کو فوری طور پر جواب طلبی کے نوٹس جاری کیے جائیں۔
غیر حاضری ثابت ہونے کی صورت میں تنخواہ میں کٹوتی، تنخواہ بند کرنے اور قواعد و ضوابط کے مطابق دیگر محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی باقاعدگی اور دیانت داری سے انجام دیں، کیونکہ اساتذہ کی حاضری اور مؤثر تدریسی عمل ہی معیاری تعلیم کی بنیاد ہے۔
انھوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام تعلیمی اداروں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











