تربت: رائز بلوچستان تقریب میں خواتین کو اسناد اور پیشہ ورانہ سامان تقسیم

تربت: حکومت بلوچستان کے رائز بلوچستان پروگرام کے تحت تربت میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف فنی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں تربیت مکمل کرنے والی خواتین اور دیگر مستحق افراد میں کامیابی کی اسناد اور متعلقہ پیشہ ورانہ آلات و سامان تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی تھے۔ تقریب میں محکمہ صنعت و حرفت کے ڈپٹی ڈائریکٹر فہد رحیم بلوچ، رائز بلوچستان کیچ کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر فراز امیر، مانیٹرنگ آفیسر شعیب اختر، لائیولی ہڈ آفیسر سائمہ حنیف، ایس پی او کے ریجنل منیجر محراب بلوچ سمیت متعلقہ محکموں کے حکام اور تربیت مکمل کرنے والی خواتین نے شرکت کی۔
تقریب کی نظامت رائز بلوچستان کیچ کی لائیولی ہڈ آفیسر سہیلہ رشید نے انجام دی۔
ڈپٹی کمشنر کا خطاب
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کو فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا معاشرے کی معاشی ترقی اور خودمختاری کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائز بلوچستان جیسے اقدامات نہ صرف خواتین کو باعزت روزگار کے قابل بناتے ہیں بلکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے معاشی طور پر مستحکم ہونے کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے تربیت یافتہ خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی حاصل کردہ مہارتوں کو عملی طور پر استعمال کرتے ہوئے ذاتی کاروبار شروع کریں اور معاشی سرگرمیوں میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
رائز بلوچستان کیچ کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر فراز امیر نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے ذریعے مقامی افراد کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ فنی تربیت فراہم کر کے روزگار اور کاروبار کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں 38 خواتین نے اسلام آباد کے ادارے آئی آر ایم سے بیوٹیشن کا پیشہ ورانہ کورس مکمل کیا، جبکہ 16 مستحق افراد نے کراچی میں کھانا پکانے اور بیکنگ کے شعبوں میں تربیت حاصل کی۔
پیشہ ورانہ سامان کی فراہمی
تقریب کے دوران کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والے افراد کو اسناد کے ساتھ متعلقہ شعبوں میں کام شروع کرنے کے لیے ضروری پیشہ ورانہ سامان بھی فراہم کیا گیا، تاکہ وہ کسی اضافی مالی بوجھ کے بغیر اپنے علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کر سکیں اور آمدنی کے مستقل ذرائع پیدا کر سکیں۔
تربیت یافتہ خواتین نے اس موقع پر حکومت بلوچستان اور رائز بلوچستان پروگرام کے تعاون کو سراہتے ہوئے بتایا کہ ان کورسز کی نجی اداروں سے تربیت حاصل کرنے کی صورت میں انہیں تقریباً آٹھ سے دس لاکھ روپے تک اخراجات برداشت کرنا پڑ سکتے تھے، تاہم پروگرام کے تحت انہیں معیاری اداروں میں مفت تربیت کے علاوہ ضروری آلات اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ اسناد اور پیشہ ورانہ سامان کی فراہمی سے انہیں عملی طور پر اپنے کام کا آغاز کرنے اور اپنے خاندانوں کی کفالت میں حصہ ڈالنے کا موقع ملا ہے۔
تقریب کے اختتام پر اس امر پر زور دیا گیا کہ خواتین کو فنی مہارتوں کے ساتھ کاروبار شروع کرنے کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنا انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے، مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بڑھانے اور غربت کے خاتمے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
تصویر: بشکریہ ڈی جی پی آر بلوچستان











