تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ کی صدارت میں تعلیمی اداروں کا جائزہ، غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی

تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، تحصیل سطح کے ایجوکیشن آفیسران، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر سمیت محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع کیچ کے تعلیمی اداروں کی مجموعی کارکردگی، انتظامی امور، تدریسی سرگرمیوں اور اسکولوں میں دستیاب بنیادی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ محکمہ تعلیم کے ضلعی اور تحصیل سطح کے افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں واقع سرکاری اسکولوں کی صورتحال اور کارکردگی کے حوالے سے رپورٹس پیش کیں۔
اسکولوں کے دورے اور غیر حاضری
افسران نے ڈپٹی کمشنر کیچ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 174 اسکولوں کے دورے کیے گئے، جہاں تعلیمی ماحول، اساتذہ کی حاضری اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ دوروں کے دوران بعض اسکولوں میں بجلی، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی نشاندہی کی گئی، جن کے حل کے لیے متعلقہ سطح پر اقدامات شروع کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ دوروں کے دوران بعض اساتذہ اور دیگر ملازمین غیر حاضر پائے گئے، جن کے خلاف محکمانہ قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ غیر حاضر ملازمین کی فہرستیں محکمہ خزانہ کو ارسال کی جائیں تاکہ قواعد و ضوابط کے مطابق ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی باقاعدہ حاضری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مستقل طور پر غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف برطرفی سمیت سخت محکمانہ کارروائی کے لیے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے باقاعدہ عمل شروع کرنے کی ہدایت کی۔ متعلقہ افسران پر زور دیا گیا کہ اسکولوں کی مسلسل نگرانی اور اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ سرکاری تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیادی ضمانت ہے، اس لیے تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں سنجیدگی اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ ادا کرنا ہوں گی۔ ان کے بقول معیاری تعلیم کی فراہمی، اساتذہ کی باقاعدہ حاضری، طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی اور اسکولوں میں سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے باہمی رابطے اور مؤثر نگرانی کا نظام مضبوط بنایا جائے تاکہ ضلع کیچ کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرکے ان کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کی جا سکے۔










