برشور: ڈپٹی کمشنر خالد شمس کی کھلی کچہری، عوامی شکایات کے فوری ازالے کا اعلان
برشور: ڈپٹی کمشنر فلائٹ لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) خالد شمس نے کہا ہے کہ حکومتِ بلوچستان کی پالیسیوں اور گڈ گورننس کے وژن کے عین مطابق ضلع بھر میں عوامی شکایات کے فوری ازالے اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر سرکاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منعقدہ کھلی کچہری میں آفسران اور سائلین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ان کھلی کچہریوں کے انعقاد کا بنیادی مقصد ضلعی انتظامیہ اور عوام کے مابین براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانا اور علاقائی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کھلی کچہریوں میں تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس بشمول تعلیم، صحت، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آبپاشی، زراعت، جنگلات، بلدیات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ضلعی سربراہان کی موقع پر حاضری کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی اجتماعی و انفرادی شکایات پر فوری احکامات جاری کیے جا سکیں۔
فلائٹ لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) خالد شمس نے مزید کہا کہ متعلقہ آفسران کو عوامی درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کرنے کی سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں، تاہم اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ضلع کے عوامی، سماجی اور قبائلی حلقوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور عوام کے باہمی اعتماد سے ضلع برشور میں پائیدار ترقی، امن و امان اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، اور عوامی فلاح و بہبود کے اس مشن کو مستقبل میں بھی اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔











