برشور: درختوں کی کٹائی اور جنگلی حیات کے شکار پر ڈپٹی کمشنر کی مکمل پابندی
برشور: ڈپٹی کمشنر برشور فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) خالد شمس نے کہا ہے کہ جنگلات اور نایاب جنگلی حیات ہمارا قیمتی قومی اثاثہ ہیں۔ ان کا تحفظ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اسی مقصد کے تحت ضلع بھر میں درختوں کی بے دریغ کٹائی اور جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر خالد شمس نے واضح کیا کہ یہ حکم نامہ فوری نافذ العمل ہو چکا ہے اور پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلوچستان فارسٹ ایکٹ 2022 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کسی بھی شخص کا لاعلمی کا عذر ہرگز قابلِ قبول نہیں ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ جنگلات، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو پابندی پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع کے ذمہ دار شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ ڈویژنل فارسٹ آفیسر (DFO) یا اسسٹنٹ کمشنر برشور کے دفتر کو دیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔











